Urdu Quran | قرآن مجید پڑھیں

Chapter 88 (Sura 88)
1; بھلا تم کو ڈھانپ لینے والی (یعنی قیامت کا) حال معلوم ہوا ہے
2; اس روز بہت سے منہ (والے) ذلیل ہوں گے
3; سخت محنت کرنے والے تھکے ماندے
4; دہکتی آگ میں داخل ہوں گے
5; ایک کھولتے ہوئے چشمے کا ان کو پانی پلایا جائے گا
6; اور خار دار جھاڑ کے سوا ان کے لیے کوئی کھانا نہیں (ہو گا)
7; جو نہ فربہی لائے اور نہ بھوک میں کچھ کام آئے
8; اور بہت سے منہ (والے) اس روز شادماں ہوں گے
9; اپنے اعمال (کی جزا )سے خوش دل
10; بہشت بریں میں
11; وہاں کسی طرح کی بکواس نہیں سنیں گے
12; اس میں چشمے بہ رہے ہوں گے
13; وہاں تخت ہوں گے اونچے بچھے ہوئے
14; اور آبخورے (قرینے سے) رکھے ہوئے
15; اور گاؤ تکیے قطار کی قطار لگے ہوئے
16; اور نفیس مسندیں بچھی ہوئی
17; یہ لوگ اونٹوں کی طرف نہیں دیکھتے کہ کیسے (عجیب )پیدا کیے گئے ہیں
18; اور آسمان کی طرف کہ کیسا بلند کیا گیا ہے
19; اور پہاڑوں کی طرف کہ کس طرح کھڑے کیے گئے ہیں
20; اور زمین کی طرف کہ کس طرح بچھائی گئی
21; تو تم نصیحت کرتے رہو کہ تم نصیحت کرنے والے ہی ہو
22; تم ان پر داروغہ نہیں ہو
23; ہاں جس نے منہ پھیرا اور نہ مانا
24; تو خدا اس کو بڑا عذاب دے گا
25; بےشک ان کو ہمارے پاس لوٹ کر آنا ہے
26; پھر ہم ہی کو ان سے حساب لینا ہے

Pages ( 88 of 114 ): « Previous1 ... 8687 88 8990 ... 114Next »