Urdu Quran | قرآن مجید پڑھیں

Chapter 56 (Sura 56)
1; جب واقع ہونے والی واقع ہوجائے
2; اس کے واقع ہونے میں کچھ جھوٹ نہیں
3; کسی کو پست کرے کسی کو بلند
4; جب زمین بھونچال سے لرزنے لگے
5; اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہوجائیں
6; پھر غبار ہو کر اُڑنے لگیں
7; اور تم لوگ تین قسم ہوجاؤ
8; تو داہنے ہاتھ والے (سبحان الله) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی چین میں) ہیں
9; اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (گرفتار عذاب) ہیں
10; اور جو آگے بڑھنے والے ہیں (ان کا کیا کہنا) وہ آگے ہی بڑھنے والے ہیں
11; وہی (خدا کے) مقرب ہیں
12; نعمت کے بہشتوں میں
13; وہ بہت سے تو اگلے لوگوں میں سے ہوں گے
14; اور تھوڑے سے پچھلوں میں سے
15; (لعل و یاقوت وغیرہ سے) جڑے ہوئے تختوں پر
16; آمنے سامنے تکیہ لگائے ہوئے
17; نوجوان خدمت گزار جو ہمیشہ (ایک ہی حالت میں) رہیں گے ان کے آس پاس پھریں گے
18; یعنی آبخورے اور آفتابے اور صاف شراب کے گلاس لے لے کر
19; اس سے نہ تو سر میں درد ہوگا اور نہ ان کی عقلیں زائل ہوں گی
20; اور میوے جس طرح کے ان کو پسند ہوں
21; اور پرندوں کا گوشت جس قسم کا ان کا جی چاہے
22; اور بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں
23; جیسے (حفاظت سے) تہہ کئے ہوئے (آب دار) موتی
24; یہ ان اعمال کا بدلہ ہے جو وہ کرتے تھے
25; وہاں نہ بیہودہ بات سنیں گے اور نہ گالی گلوچ
26; ہاں ان کا کلام سلام سلام (ہوگا)
27; اور داہنے ہاتھ والے (سبحان الله) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی عیش میں) ہیں
28; (یعنی) بےخار کی بیریوں
29; اور تہہ بہ تہہ کیلوں
30; اور لمبے لمبے سایوں
31; اور پانی کے جھرنوں
32; اور میوہ ہائے کثیرہ (کے باغوں) میں
33; جو نہ کبھی ختم ہوں اور نہ ان سے کوئی روکے
34; اور اونچے اونچے فرشوں میں
35; ہم نے ان (حوروں) کو پیدا کیا
36; تو ان کو کنواریاں بنایا
37; (اور شوہروں کی) پیاریاں اور ہم عمر
38; یعنی داہنے ہاتھ والوں کے لئے
39; (یہ) بہت سے اگلے لوگوں میں سے ہیں
40; اور بہت سے پچھلوں میں سے
41; اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (ہی عذاب میں) ہیں
42; (یعنی دوزخ کی) لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی میں
43; اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں
44; (جو) نہ ٹھنڈا (ہے) نہ خوشنما
45; یہ لوگ اس سے پہلے عیشِ نعیم میں پڑے ہوئے تھے
46; اور گناہ عظیم پر اڑے ہوئے تھے
47; اور کہا کرتے تھے کہ بھلا جب ہم مرگئے اور مٹی ہوگئے اور ہڈیاں (ہی ہڈیاں رہ گئے) تو کیا ہمیں پھر اُٹھنا ہوگا؟
48; اور کیا ہمارے باپ دادا کو بھی؟
49; کہہ دو کہ بےشک پہلے اور پچھلے
50; (سب) ایک روز مقرر کے وقت پر جمع کئے جائیں گے
51; پھر تم اے جھٹلانے والے گمرا ہو!
52; تھوہر کے درخت کھاؤ گے
53; اور اسی سے پیٹ بھرو گے
54; اور اس پر کھولتا ہوا پانی پیو گے
55; اور پیو گے بھی تو اس طرح جیسے پیاسے اونٹ پیتے ہیں
56; جزا کے دن یہ ان کی ضیافت ہوگی
57; ہم نے تم کو (پہلی بار بھی تو) پیدا کیا ہے تو تم (دوبارہ اُٹھنے کو) کیوں سچ نہیں سمجھتے؟
58; دیکھو تو کہ جس (نطفے) کو تم (عورتوں کے رحم میں) ڈالتے ہو
59; کیا تم اس (سے انسان) کو بناتے ہو یا ہم بناتے ہیں؟
60; ہم نے تم میں مرنا ٹھہرا دیا ہے اور ہم اس (بات) سے عاجز نہیں
61; کہ تمہاری طرح کے اور لوگ تمہاری جگہ لے آئیں اور تم کو ایسے جہان میں جس کو تم نہیں جانتے پیدا کر دیں
62; اور تم نے پہلی پیدائش تو جان ہی لی ہے۔ پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟
63; بھلا دیکھو تو کہ جو کچھ تم بوتے ہو
64; تو کیا تم اسے اُگاتے ہو یا ہم اُگاتے ہیں؟
65; اگر ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کردیں اور تم باتیں بناتے رہ جاؤ
66; (کہ ہائے) ہم تو مفت تاوان میں پھنس گئے
67; بلکہ ہم ہیں ہی بےنصیب
68; بھلا دیکھو تو کہ جو پانی تم پیتے ہو
69; کیا تم نے اس کو بادل سے نازل کیا ہے یا ہم نازل کرتے ہیں؟
70; اگر ہم چاہیں تو ہم اسے کھاری کردیں پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے؟
71; بھلا دیکھو تو جو آگ تم درخت سے نکالتے ہو
72; کیا تم نے اس کے درخت کو پیدا کیا ہے یا ہم پیدا کرتے ہیں؟
73; ہم نے اسے یاد دلانے اور مسافروں کے برتنے کو بنایا ہے
74; تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرو
75; ہمیں تاروں کی منزلوں کی قسم
76; اور اگر تم سمجھو تو یہ بڑی قسم ہے
77; کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے
78; (جو) کتاب محفوظ میں (لکھا ہوا ہے)
79; اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں
80; پروردگار عالم کی طرف سے اُتارا گیا ہے
81; کیا تم اس کلام سے انکار کرتے ہو؟
82; اور اپنا وظیفہ یہ بناتے ہو کہ (اسے) جھٹلاتے ہو
83; بھلا جب روح گلے میں آ پہنچتی ہے
84; اور تم اس وقت کی (حالت کو) دیکھا کرتے ہو
85; اور ہم اس (مرنے والے) سے تم سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں لیکن تم کو نظر نہیں آتے
86; پس اگر تم کسی کے بس میں نہیں ہو
87; تو اگر سچے ہو تو روح کو پھیر کیوں نہیں لیتے؟
88; پھر اگر وہ (خدا کے) مقربوں میں سے ہے
89; تو (اس کے لئے) آرام اور خوشبودار پھول اور نعمت کے باغ ہیں
90; اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہے
91; تو (کہا جائے گا کہ) تجھ پر داہنے ہاتھ والوں کی طرف سے سلام
92; اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں سے ہے
93; تو (اس کے لئے) کھولتے پانی کی ضیافت ہے
94; اور جہنم میں داخل کیا جانا
95; یہ (داخل کیا جانا یقیناً صحیح یعنی) حق الیقین ہے
96; تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرتے رہو

Pages ( 56 of 114 ): « Previous1 ... 5455 56 5758 ... 114Next »