Urdu Quran | قرآن مجید پڑھیں

Chapter 55 (Sura 55)
1; (خدا جو) نہایت مہربان
2; اسی نے قرآن کی تعلیم فرمائی
3; اسی نے انسان کو پیدا کیا
4; اسی نے اس کو بولنا سکھایا
5; سورج اور چاند ایک حساب مقرر سے چل رہے ہیں
6; اور بوٹیاں اور درخت سجدہ کر رہے ہیں
7; اور اسی نے آسمان کو بلند کیا اور ترازو قائم کی
8; کہ ترازو (سے تولنے) میں حد سے تجاوز نہ کرو
9; اور انصاف کے ساتھ ٹھیک تولو۔ اور تول کم مت کرو
10; اور اسی نے خلقت کے لئے زمین بچھائی
11; اس میں میوے اور کھجور کے درخت ہیں جن کے خوشوں پر غلاف ہوتے ہیں
12; اور اناج جس کے ساتھ بھس ہوتا ہے اور خوشبودار پھول
13; تو (اے گروہ جن وانس) تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
14; اسی نے انسان کو ٹھیکرے کی طرح کھنکھناتی مٹی سے بنایا
15; اور جنات کو آگ کے شعلے سے پیدا کیا
16; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
17; وہی دونوں مشرقوں اور دونوں مغربوں کا مالک (ہے)
18; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
19; اسی نے دو دریا رواں کئے جو آپس میں ملتے ہیں
20; دونوں میں ایک آڑ ہے کہ (اس سے) تجاوز نہیں کرسکتے
21; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
22; دونوں دریاؤں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں
23; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
24; اور جہاز بھی اسی کے ہیں جو دریا میں پہاڑوں کی طرح اونچے کھڑے ہوتے ہیں
25; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
26; جو (مخلوق) زمین پر ہے سب کو فنا ہونا ہے
27; اور تمہارے پروردگار ہی کی ذات (بابرکات) جو صاحب جلال وعظمت ہے باقی رہے گی
28; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
29; آسمان اور زمین میں جتنے لوگ ہیں سب اسی سے مانگتے ہیں۔ وہ ہر روز کام میں مصروف رہتا ہے
30; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
31; اے دونوں جماعتو! ہم عنقریب تمہاری طرف متوجہ ہوتے ہیں
32; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
33; اے گروہِ جن وانس اگر تمہیں قدرت ہو کہ آسمان اور زمین کے کناروں سے نکل جاؤ تو نکل جاؤ۔ اور زور کے سوا تم نکل سکنے ہی کے نہیں
34; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
35; تم پر آگ کے شعلے اور دھواں چھوڑ دیا جائے گا تو پھر تم مقابلہ نہ کرسکو گے
36; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
37; پھر جب آسمان پھٹ کر تیل کی تلچھٹ کی طرح گلابی ہوجائے گا (تو) وہ کیسا ہولناک دن ہوگا
38; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
39; اس روز نہ تو کسی انسان سے اس کے گناہوں کے بارے میں پرسش کی جائے گی اور نہ کسی جن سے
40; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
41; گنہگار اپنے چہرے ہی سے پہچان لئے جائیں گے تو پیشانی کے بالوں اور پاؤں سے پکڑ لئے جائیں گے
42; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
43; یہی وہ جہنم ہے جسے گنہگار لوگ جھٹلاتے تھے
44; وہ دوزخ اور کھولتے ہوئے گرم پانی کے درمیان گھومتے پھریں گے
45; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
46; اور جو شخص اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرا اس کے لئے دو باغ ہیں
47; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
48; ان دونوں میں بہت سی شاخیں (یعنی قسم قسم کے میووں کے درخت ہیں)
49; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
50; ان میں دو چشمے بہہ رہے ہیں
51; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
52; ان میں سب میوے دو دو قسم کے ہیں
53; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
54; (اہل جنت) ایسے بچھونوں پر جن کے استرا طلس کے ہیں تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے۔ اور دونوں باغوں کے میوے قریب (جھک رہے) ہیں
55; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
56; ان میں نیچی نگاہ والی عورتیں ہیں جن کو اہل جنت سے پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگایا اور نہ کسی جن نے
57; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
58; گویا وہ یاقوت اور مرجان ہیں
59; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
60; نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا کچھ نہیں ہے
61; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
62; اور ان باغوں کے علاوہ دو باغ اور ہیں
63; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
64; دونوں خوب گہرے سبز
65; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
66; ان میں دو چشمے ابل رہے ہیں
67; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
68; ان میں میوے اور کھجوریں اور انار ہیں
69; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
70; ان میں نیک سیرت (اور) خوبصورت عورتیں ہیں
71; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
72; (وہ) حوریں (ہیں جو) خیموں میں مستور (ہیں)
73; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
74; ان کو اہل جنت سے پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگایا اور نہ کسی جن نے
75; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
76; سبز قالینوں اور نفیس مسندوں پر تکیہ لگائے بیٹھے ہوں گے
77; تو تم اپنے پروردگار کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے؟
78; (اے محمدﷺ) تمہارا پروردگار جو صاحب جلال وعظمت ہے اس کا نام بڑا بابرکت ہے

Pages ( 55 of 114 ): « Previous1 ... 5354 55 5657 ... 114Next »