Urdu Quran | قرآن مجید پڑھیں

Chapter 79 (Sura 79)
1; ان (فرشتوں) کی قسم جو ڈوب کر کھینچ لیتے ہیں
2; اور ان کی جو آسانی سے کھول دیتے ہیں
3; اور ان کی جو تیرتے پھرتے ہیں
4; پھر لپک کر آگے بڑھتے ہیں
5; پھر (دنیا کے) کاموں کا انتظام کرتے ہیں
6; (کہ وہ دن آ کر رہے گا) جس دن زمین کو بھونچال آئے گا
7; پھر اس کے پیچھے اور (بھونچال) آئے گا
8; اس دن (لوگوں) کے دل خائف ہو رہے ہوں گے
9; اور آنکھیں جھکی ہوئی
10; (کافر) کہتے ہیں کیا ہم الٹے پاؤں پھر لوٹ جائیں گے
11; بھلا جب ہم کھوکھلی ہڈیاں ہو جائیں گے (تو پھر زندہ کئے جائیں گے)
12; کہتے ہیں کہ یہ لوٹنا تو( موجب) زیاں ہے
13; وہ تو صرف ایک ڈانٹ ہوگی
14; اس وقت وہ (سب) میدان (حشر) میں آ جمع ہوں گے
15; بھلا تم کو موسیٰ کی حکایت پہنچی ہے
16; جب اُن کے پروردگار نے ان کو پاک میدان (یعنی) طویٰ میں پکارا
17; (اور حکم دیا) کہ فرعون کے پاس جاؤ وہ سرکش ہو رہا ہے
18; اور (اس سے) کہو کہ کیا تو چاہتا ہے کہ پاک ہو جائے؟
19; اور میں تجھے تیرے پروردگار کا رستہ بتاؤں تاکہ تجھ کو خوف (پیدا) ہو
20; غرض انہوں نے اس کو بڑی نشانی دکھائی
21; مگر اس نے جھٹلایا اور نہ مانا
22; پھر لوٹ گیا اور تدبیریں کرنے لگا
23; اور (لوگوں کو) اکٹھا کیا اور پکارا
24; کہنے لگا کہ تمہارا سب سے بڑا مالک میں ہوں
25; تو خدا نے اس کو دنیا اور آخرت (دونوں) کے عذاب میں پکڑ لیا
26; جو شخص (خدا سے) ڈر رکھتا ہے اس کے لیے اس (قصے) میں عبرت ہے
27; بھلا تمہارا بنانا آسان ہے یا آسمان کا؟ اسی نے اس کو بنایا
28; اس کی چھت کو اونچا کیا اور پھر اسے برابر کر دیا
29; اور اسی نے رات کو تاریک بنایا اور (دن کو) دھوپ نکالی
30; اور اس کے بعد زمین کو پھیلا دیا
31; اسی نے اس میں سے اس کا پانی نکالا اور چارا اگایا
32; اور اس پر پہاڑوں کابوجھ رکھ دیا
33; یہ سب کچھ تمہارے اور تمہارے چارپایوں کے فائدے کے لیے (کیا )
34; تو جب بڑی آفت آئے گی
35; اس دن انسان اپنے کاموں کو یاد کرے گا
36; اور دوزخ دیکھنے والے کے سامنے نکال کر رکھ دی جائے گی
37; تو جس نے سرکشی کی
38; اور دنیا کی زندگی کو مقدم سمجھا
39; اس کا ٹھکانہ دوزخ ہے
40; اور جو اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے ڈرتا اور جی کو خواہشوں سے روکتا رہا
41; اس کا ٹھکانہ بہشت ہے
42; (اے پیغمبر، لوگ )تم سے قیامت کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہو گا؟
43; سو تم اس کے ذکر سے کس فکر میں ہو
44; اس کا منتہا (یعنی واقع ہونے کا وقت) تمہارے پروردگار ہی کو (معلوم ہے)
45; جو شخص اس سے ڈر رکھتا ہے تم تو اسی کو ڈر سنانے والے ہو
46; جب وہ اس کو دیکھیں گے (تو ایسا خیال کریں گے) کہ گویا( دنیا میں صرف) ایک شام یا صبح رہے تھے

Pages ( 79 of 114 ): « Previous1 ... 7778 79 8081 ... 114Next »